حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یورپ میں مرجع عالی قدرحضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین سید مرتضیٰ کشمیری نے لندن میں مقیم مسلمان بچیوں کے جشن تکلیف میں شرکت کرتے ہوئے آیت اللہ العظمیٰ سیستانی کا سلام و مبارکباد پیش کرتے ہوئے اور تحائف پیش کئے اور کہا : مسلمان لڑکیوں اور خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنے مذہبی تشخص کو محفوظ رکھیں اور دینی فرائض کو انجام دیں، نیز اہل بیت (ع) کے لئے زینت کا سبب بنیں، باعث ننگ و عار نہ بنیں۔
آیت اللہ العظمیٰ سیستانی کے نمائندے نے مزید کہا: ایک بچی کے بالغ پو جانے کے بعداللہ تعالیٰ کی نگاہ میں اس کا وقار اور بھی بڑھ جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ چیزیں جو اس کے والدین پر واجب تھیں، جیسے روزہ، نماز، حج وغیرہ، وہ ساری چیزیں اس بچی پر بھی فرض ہو جاتی ہیں۔
انہوں نے حجاب کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: حجاب سے ہی خاتون میں عفت و نجابت آتی ہے، حجاب ایک ایسی شی ہے جس سے خاتون تمام بری نگاہوں اور شیطان صفت انسانوں سے محفوظ رہتی ہے، اسلام نے خواتین کو ایک خاص مقام و مرتبہ عطا کیا ہے یہی وجہ ہے کہ اس کے لئے حجاب کا حکم دیا ہے، کیوں کہ خاتون کی اہمیت ہے، جو چیز جتنی قیمتی ہو گی اتنی ہی اس کی حفاظت ہو گی، جیسے کوئی نایاب گوہر کہ جسے بڑی ہی حفاظت میں رکھا جاتا ہے، اسلام نے بقیہ تمام ادیان کی بہ نسبت خواتین کو ایک الگ ہی مقام و مرتبہ عنایت کیا ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین مرتضیٰ کشمیری نے کہا: ہماری بیٹیوں کو اپنے دینی تشخص کو محفوظ رکھتے ہوئے اور شرعی فرائض اور واجبات کی پابندی کرتے ہوئے لوگوں کے لئے نمونہ عمل بننا چاہیے، جیسا کہ امام صادق علیہ السلام نے فرمایا: کونوا لنا زینا، و لا تکونوا علینا شینا ، ہمارے لئے زینت کا سبب بنو، باعث ننگ و عار نہ بنو۔